لاہور: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 46 ہزار 507 اور اخراج 31 ہزار 507 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، دریا کے کناروں پر آباد مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
دریائے سندھ میں جناح بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، جناح بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار 659 اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار 710 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔
دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، لیہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب آگیا، ضلع لیہ کی 20 یونین کونسلز سیلابی ریلے سے متاثر ہوئیں، متعدد آبادیاں، ہزاروں ایکڑ پر کاشت فصلیں اور رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔