تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 85 فیصد تک پہنچ گئی

Published On 27 July,2025 11:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان کے سب سے بڑے آبی ذخیرے تربیلا ڈیم کی پانی کی سطح اپنی انتہائی گنجائش کے 85 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ منگلا ڈیم بھی 56 فیصد بھر چکا ہے جہاں پانی کی سطح 1197 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ شیٹ کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے رواں برس مون سون کے طوفانی سپیلز کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں جن کے مطابق مختلف حادثات میں 151 افراد جاں بحق اور 538 زخمی ہوئے جبکہ 209 گھروں کو نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا پانچواں طوفانی سپیل 28 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے دریاؤں کے پاٹ میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔