مون سون بارشیں: لیہ میں دریائے سندھ کا پانی دیہاتوں میں داخل، فصلیں زیر آب

Published On 28 July,2025 03:22 am

لیہ: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں سے دریاؤں کی سطح بلند ہوگئی، لیہ کے مقام پر دریائے سندھ کا پانی متعدد دیہات میں داخل ہوگیا، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔

تونسہ شریف کے مقام پر بھی دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، فصلیں اور دیہات پانی میں ڈوب گئے، انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں جاری رہیں، کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، درمیانے درجے کا سیلاب ڈکلیئر کر دیا گیا۔

حافظ آباد سکھیکی میں 10 روز بعد بھی متعدد دیہات سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، زمینی رابطہ بحال نہ ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا، پنجاب میں آج سے 31 جولائی کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا، این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے دوران حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 272 ہوگئی۔