بنوں: فتنہ الخوارج کا تھانے پر حملہ، شاہراہ عام پر ناکہ بندی کی کوشش ناکام

Published On 28 July,2025 10:28 am

پشاور: (دنیا نیوز) فتنہ الخوارج نے بنوں کے علاقے نورڑ میں شاہراہ عام پر ناکہ بندی کی کوشش کی جسے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

بنوں کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے جس پر خوارجی دہشت گرد فرار ہو گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور سنائپر رائفلز برآمد ہوئیں۔

ڈی پی او نے یہ بھی بتایا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے تھانہ میریان پر ایک ناکام ڈرون حملہ کیا، پولیس کی کارروائی نے یہاں بھی دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ بنوں پولیس ہر بزدلانہ کارروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس فورس ہر قیمت پر بنوں کو محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں دہشت گردوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی تھی، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا، دہشت گرد مقامی آبادی سے زبردستی چندہ اکٹھا کر رہے تھے۔