راولپنڈی: (دنیا نیوز) تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1547 فٹ ریکارڈ کی گئی جو ہائی لیول سے صرف 3 فٹ کم رہ گئی۔
تربیلا ڈیم کے سپیل ویز گزشتہ 3 روز سے اوپن ہیں، پانی کا اخراج 3 لاکھ 81 ہزار 500 کیوسک ہو گیا، موسلادھار بارشوں سے خانپور ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا۔
ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ سے بڑھ گئی، بہاؤ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، بہاولنگر میں دریائے ستلج کے کئی بند ٹوٹ گئے، پانی فصلوں میں داخل ہوگیا، چنیوٹ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا جس کے باعث سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔
کچے کے علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی، محفوظ مقامات پر منتقلی کے اعلانات کئے گئے، پاکپتن میں دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہوگیا، سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی۔
دریائے ستلج میں چشتیاں کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب سے فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔