کراچی: پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کی رپورٹ تیار

Published On 23 August,2025 08:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) بم ڈسپوزل یونٹ نے پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کے دوران 500 کلوگرام فائر ورکس کا سامان جل گیا جبکہ دھماکے کی آواز 5 سے 7 کلومیٹر تک سنی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے 100 میٹر کے دائرے میں تباہی پھیلی، عمارت میں اب بھی 3 گوداموں میں آتش بازی کا سامان موجود ہے جبکہ قریبی گراؤنڈ میں رکھے گئے 2 کنٹینرز میں بھی فائر ورکس محفوظ ہیں۔

رپورٹ کے مندرجات کے مطابق اس وقت مجموعی طور پر 5 ہزار کلوگرام آتش بازی کا سامان موجود ہے، ملزم حنیف مختلف شہروں اور بیرون ملک سے سامان منگواتا تھا اور اسی عمارت کے عقب میں آتشبازی کا سامان تیار بھی کرتا تھا۔

بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ تمام آتش بازی کا سامان جلد از جلد کسی محفوظ مقام پر منتقل کر کے تلف کیا جائے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔