ثناء اللہ مستی خیل کا پی اے سی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان

Published On 27 August,2025 01:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ثناءاللہ مستی خیل نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ پارٹی ارکان میٹنگ کر کے پی اے سی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے، چیئرمین پی اے سی جنید اکبر ابھی میٹنگ میں مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے، پی ٹی آئی نے تمام کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اعلان کرنے کے بعد ثناء اللہ مستی خیل پی اے سی کمیٹی روم چھوڑ کر چلے گئے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے تمام ممران آج پی اے سی میں شرکت نہیں کریں گے؟ جس پر ثناء اللہ مستی خیل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ ممبران کو میسج پہنچ گیا ہے کچھ کو نہیں پہنچا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور نے قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سےاستعفیٰ دے دیا۔

رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے استعفے سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو خط بھیج دیا جس میں فیصل امین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر سٹینڈنگ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔