پسرور کے نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں دیہات ڈوب گئے

Published On 28 August,2025 01:08 am

پسرور: (دنیا نیوز) پسرور کے نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں دیہات ڈوب گئے۔

پانی نارووال، سیالکوٹ اور چونڈہ روڈ کے اوپر سے گزرنے لگا، سیلابی پانی سکروڑ، دیولی، جنڈیالہ، منگوال اور دیگر دیہات میں داخل ہوگیا، فصلیں زیر آب آگئیں، ظفر وال میں سیلابی ریلے میں 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال،تیز بہاؤ سے درمان پل بیٹھ گیا۔

لگوال منہاساں والا پل کے ساتھ سڑک کو نقصان پہنچا، درجنوں دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا، ظفر وال گرڈ سٹیشن میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا، یونین کونسل سوہدرہ کے متعدد دیہات متاثر ہوگئے، سیالکوٹ میں سیلابی صورتحال، نالہ پلکھو، دریائے توی، سید پور اور کوجہ چک کے مقام پر ریسکیو آپریشن کیا گیا، 243 افراد محفوظ مقام پر منتقل کر دیئے گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے شکر گڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے 25 افراد کو بحفاظت نکالنے پر اظہار تشکر کیا، انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم کو شاباش دی، اپنے پیغام میں کہا ہر جان قیمتی ہے، 25 افراد کو ریسکیو کرنے والے قومی ہیرو ہیں۔