وزیر آباد: (دنیا نیوز) وزیر آباد میں سیلابی صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی،نالہ پلکھو بپھر گیا، انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزرا۔
شہر کے متعدد علاقوں میں پانی ہی پانی، وزیر آباد اور ڈسکہ روڈ سے ملحقہ متعدد علاقے زیر آب آگئے، دریائے چناب اور نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا، ریلوے آپریشن معطل کر دیا گیا، ڈی ایس ریلوے اور اعلیٰ حکام کا وزیرآباد جنکشن کا دورہ کیا، سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ ریلوے آپریشن کیلئے متبادل راستہ اختیار کر لیا گیا، نارووال اور سیالکوٹ جانے والی تمام ٹرینوں کو بند کر دیا گیا، نارووال اور سیالکوٹ سٹیشن بھی مسافروں کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
سیالکوٹ میں تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، چنیوٹ کے 26 سے زائد دیہات کو بچانے کیلئے لاہور روڈ پر کٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ہرسہ شیخ کے قریب بند پر بارود نصب کر دیا گیا، ہائی الرٹ کی صورت میں اڑایا جائے گا۔