کراچی: (دنیا نیوز) خاتون اول آصفہ بھٹو نے پنجاب میں سیلاب کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
خاتون اول آصفہ بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضرورت مند بھائی، بہنوں کو جتنا زیادہ ممکن ہو ریلیف ملنا چاہئے، یہ وہ وقت ہے جب زندگیاں بچانے کیلئے سب کو متحدہ ہونا ہے۔
واضح رہے کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں شدید سیلاب سے پنجاب کے 7 اضلاع میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے جبکہ متعدد افراد اپنی جانیں بھی گنوا بیٹھے ہیں۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث دریائے ستلج، چناب اور راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب اور این ڈی ایم اے کا بھی کہنا تھا کہ سیلابی پانی کے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں فوج، ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ حصہ لے رہی ہیں اور اب تک 5 ہزار 100 افراد اور 1 ہزار 700 جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔