بنوں: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ کینٹ کی حدود میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا کمانڈو شہید ہوگیا۔
میرانشاہ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈیوٹی ختم کرکے واپس گاؤں جانے والے ایلیٹ فورس کے کمانڈو کانسٹیبل شاہ ریاض پر گل زمان مسجد کے قریب فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل شاہ ریاض شہید ہوگئے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل دہشت گردوں نے بنوں کے تھانہ ہوید میں تعینات پولیس اہلکار رافید کو شہید کیا تھا جبکہ کانسٹیبل جاوید کے بیٹے کو اغوا کیا تھا، پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، پولیس نے متعدد دہشت گردوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں کے گھروں کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ رات ڈومیل پولیس اسٹیشن پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ضلع باجوڑ کی تحصیل مامونڈ میں گھر پر ماٹر گولہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا، متوفی کی شناخت یعقوب ولد محمدان جبکہ زخمی بھائی کی شناخت غنی کے نام سے ہوئی، زخمی غنی کو علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔