وائلڈ لائف رینجرز کا سیلاب زدہ اضلاع میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے آپریشن جاری

Published On 30 August,2025 06:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینٸر صوباٸی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وائلڈ لائف رینجرز کا سیلاب زدہ اضلاع میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن جاری ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے وائلڈ لائف ریسکیو ٹیموں کو خصوصی ایمبولینس اور ویٹرنری ڈاکٹرز فراہم کر دیئے، سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے ساتھ ساتھ ویٹرنری کیمپس بھی لگائے گٸے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر کے مطابق ویٹرنری کیمپس میں جانوروں کا طبی معاٸنہ اورعلاج معالجہ کیا جا رہا ہے، سیالکوٹ میں 26 اگست کو سیلابی پانی میں بہہ کر سرحد پار سے آنے والے ہرن کے جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔

نارووال میں 27 اگست کو زخمی اور حاملہ مادہ ہرن کو بروقت ریسکیو کرکے طبی سہولت فراہم کی، شکر گڑھ میں 27 اگست کو ایک نابالغ نر ہرن بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریدکے، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین میں 28 اگست کے روز تین نر و مادہ ہرن الگ الگ کارروائیوں میں ریسکیو کئے گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ کسی جان کو نقصان نہ پہنچے، 29 اگست رات 10 بج کر 35 منٹ تک 7 ہرن ریسکیو کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں وائلڈ لائف کے ریسکیو آپریشن کا روزانہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور عوام کو ہر مرحلے پر اعتماد میں لیا جائے گا، جانوروں کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں جتنی انسانی جانیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے جنگلی حیات کا ورثہ محفوظ بنا رہے ہیں، یہ ہماری اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے، قدرتی آفات میں جانور سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، ان کی حفاظت حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔