ملتان ڈویژن سے 2 لاکھ 61 ہزار 747 سیلاب متاثرین محفوظ مقامات پر منتقل

Published On 30 August,2025 07:28 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انتظامیہ مکمل متحرک، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، ڈویژن بھر سے اب تک 2 لاکھ 61 ہزار 7 سو 47 سے زائد سیلاب متاثرین محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا چکے ہیں۔

عامر کریم خان نے کہا کہ ملتان سے 2 لاکھ 38 ہزار 419، وہاڑی سے 2307، خانیوال سے 17 ہزار 068، لودھراں سے 3 ہزار 953 افراد محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں 84 ریلیف کیمپ فعال ہیں، ملتان میں 25، وہاڑی 13، خانیوال 22، لودھراں میں 24 ریلیف کیمپ بنائے گئے۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ ڈویژن میں 2 لاکھ 55 ہزار 5 سو 38 مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا چکے ہیں، نقصان کا تخمینہ پانی اترنے کے بعد لگایا جائے گا، ازالہ بھی کیا جائے گا۔

عامر کریم خان کا کہنا تھا کہ ادارے و انتظامیہ دن رات کام کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کا تعاون درکار ہے، مشکل وقت ہے، سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ان کے پاس بھی ٹیمیں بار بار پہنچ رہی ہیں، ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے نشیبی علاقوں کی مکمل سرویلنس کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں کھانا اور طبی سہولیات بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، مویشیوں کے لیے چارہ اور پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔