ستلج، راوی، چناب میں مزید بڑے ریلوں کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا سیلاب الرٹ جاری

Published On 02 September,2025 01:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) ستلج، راوی، چناب میں مزید بڑے ریلوں کے خدشہ کے باعث این ڈی ایم اے نے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریاؤں میں شدید طغیانی متوقع ہے، ستلج، راوی، چناب میں سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے، دریائے چناب میں ہیڈ تریموں پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 41 ہزار سے تجاوز کر گیا، ملحقہ بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

ہیڈ محمد والا سے 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، راوی میں ہیڈ بلوکی پر بھی انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 48 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، بڑی پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچا، راوی میں ہیڈ سدھنائی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 5 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائی بیلٹ میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، ہزاروں افراد متاثرہوگئے، سیکڑوں ایکڑ پر تیار کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی سطح کم ہونے لگی، 100 سے زیادہ موضع جات تاحال زیر آب ہیں، ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 1 لاکھ 21 ہزار کیوسک ہو گئی۔

ماڑی پتن میں سیلاب سے متعدد گھر ملیا میٹ ہوگئے، ملتان میں چناب نے نشیبی علاقوں کی 138 بستیوں کو لپیٹ میں لے لیا، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی کپاس سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں، اوکاڑہ میں راوی کے ریلوں نے درجنوں دیہات کو ڈبو دیا۔