دریائے چناب میں متوقع شدید سیلابی ریلوں کی آمد کے حوالے سے الرٹ جاری

Published On 03 September,2025 08:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے این ای او سی (نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر) نے دریائے چناب میں متوقع شدید سیلابی ریلوں کی آمد کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دوبارہ سیلابی ریلہ مرالہ سے خانکی کی طرف رواں ہے، دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 48 ہزار 237 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، سیلابی ریلہ آج رات 8 بجے خانکی اور رات 3 بجے قادر آباد پہنچنے کا امکان ہے، قادر آباد پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچنے کی پیشگوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا سفارتی سطح پر پھر رابطہ، دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کر دیا

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کا ریلہ 8 ستمبر کی صبح 7 بجے 3 لاکھ 30 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ تریموں ہیڈ ورکس پہنچے گا، 2 لاکھ 64 ہزار کیوسک کے بہاؤ کے ساتھ 11 ستمبر کو 8 بجے رات یہ ریلا پنجند پہنچنے کا امکان ہے۔

13 ستمبر کو رات 8 بجے سیلابی ریلہ 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ گڈو بیراج تک پہنچنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام مقامی و ضلعی انتظامیہ کو فوری حفاظتی و امدادی اقدامات کرنے اور نشیبی و قریبی دریا کنارے آباد آبادیوں کو ہائی الرٹ رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، خانکی، قادر آباد، تریموں، پنجند اور گڈو کے مکین احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے، این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دریاؤں میں طغیانی برقرار، ہر طرف تباہی کی داستانیں، مائی صفوراں بند کو بھی اڑا دیا گیا

این ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، ممکنہ طور پر زیر آب آنے کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین انخلا کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

علاقہ مکین انخلا کے بعد عارضی کمپس سے اپنے علاقوں میں واپسی کے لیے اداروں کے ہدایات پر عمل یقینی بنائیں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شہری سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں، مزید رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔