صنعا: (ویب ڈیسک) یمن کی بندر گاہ کے قریب بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے باعث جہاز میں آگ لگ گئی ہے، جہاز میں موجود عملے کے 24 پاکستانی شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ یمن کی راس العیسیٰ بندرگاہ پر پیش آیا، جہاز تہران سے تیل لے کر یمن کی طرف جا رہا تھا، شدید آتشزدگی سے جہاز مسلسل آگ کی لپیٹ میں ہے، عملے کو وقتی طور پر نکالا گیا، پھر زبردستی واپس جہاز میں بھیج دیا گیا ہے، عملے کے پاس آگ بجھانے کے کوئی آلات نہیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ عملے کو مسلسل خطرناک صورتحال کا سامنا ہے، متاثرہ افراد نے جانیں بچانے کے لیے مقامی ریسکیو اداروں اور حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغیوں پر اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے عام ہیں، صہیونی ریاست آئے روز یمن میں حملے کرتی رہتی ہے، کیونکہ یمن میں انصار اللہ تحریک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں تل ابیب پر میزائل داغتی رہتی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے یمن کی بندرگاہوں، آئل ریفائنریز اور اہم تنصیبات پر بمباری میں رواں سال امریکا بھی شامل ہوگیا تھا، تاہم بعد ازاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمنی حوثیوں پر بمباری روک دی تھی۔