اعجاز شفیع کی معطلی کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

Published On 27 September,2025 10:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری اعجاز شفیع کی معطلی کے خلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

جسٹس خالد اسحاق نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ تحریر کیا جس کے مطابق عدالت نے سی پی سی 1908 کے آرڈر 27- A کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔

فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے پنجاب اسمبلی کے قواعدِ کار 1997 میں کی گئی ترمیم کو چیلنج کیا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ترمیم آئین کے منافی ہے اور اس کے ذریعے اراکینِ اسمبلی پر ڈی فیکٹو نااہلی کی تلوار لٹکا دی گئی ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ قواعد کار کا غلط استعمال بنیادی حقوق اور ووٹرز کے حق نمائندگی کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔