پنجاب اسمبلی میں غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم کا ترمیمی بل پیش

Published On 29 September,2025 12:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جائیداد تقسیم کرنے کے قانون میں مزید وضاحت کے لئے ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔

پنجاب غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم (ترمیمی) بل 2025 کے تحت پنجاب غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم ایکٹ 2012 میں ترامیم کی تجویز دی گئی، بل رکن اسمبلی امیر محمد خان نے گزشتہ اجلاس میں پیش کیا۔

ترمیمی بل کے تحت تعمیر شدہ رقبہ زرعی رقبے سے زیادہ ہو تو معاملہ سول کورٹ دیکھے گی، ایکٹ کی شق 8 میں لفظ ’’حکم نامہ‘‘ کی جگہ ’’ابتدائی حکم نامہ ‘‘ شامل کرنے کی تجویز دی گئی، شریک مالکان اگر ریفری پر متفق نہ ہوں تو عدالت خود مناسب ریفری مقرر کرے گی۔

بل کے متن کے مطابق اس سے پہلے شریک مالکان متفق نہ ہونے پر عدالت کے پاس مناسب ریفری مقرر کرنے کا اختیار نہیں، اصل قانون میں وضاحت نہیں تھی کہ اگر کسی جائیداد میں زرعی اور تعمیر شدہ دونوں حصے ہوں تو کس عدالت کو اختیار ہوگا۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ترمیم سے واضح ہو گا کہ اگر تعمیر شدہ رقبہ زیادہ ہو تو سول کورٹ کیس سنے گی، ترامیم کے بعد تقسیم کے مراحل میں ابہام نہیں رہے گا، ترامیم سے جائیداد کی تقسیم کے معاملات رکے بغیر آگے بڑھ سکیں گے۔