مذہبی جماعت کا احتجاج، لاہور اسلام آباد موٹر وے بند، میٹرو بس سروس معطل

Published On 11 October,2025 05:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مذہبی جماعت کے احتجاج کا معاملہ، لاہور اسلام آباد موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت متعدد سڑکیں بند ہیں، راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے، فیض آباد میں تمام ہوٹل سیل کر دیئے گئے، کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔

راوی اور شاہدرہ پُل ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

لاہور میں راوی اور شاہدرہ پل کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے پر انٹری بند ہے، لاہور میں میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین بھی معطل ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

سیالکوٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے، لاہور سیالکوٹ اور لاہور خانیوال موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے غیرفعال ہے۔

گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہونے کےباعث شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے، دریائے جہلم اور چناب کے پل پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔

گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وزیر آباد میں راستوں کی بندش سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی میں ٹریفک پلان جاری

راولپنڈی شہر میں لا اینڈ آرڈر صورتحال کے پیش نظر ایمبولینسز کے لیے ایمرجنسی پورٹل اور ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی پورٹل 051.9293038 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایمبولینسز کو بینظیر بھٹو ہسپتال تک رسائی کے لیے بذریعہ راول روڈ سہولت میسر کی گئی ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ایمبولینسز کی موومنٹ یا ایمرجنسی کی صورت میں شہری ایمرجنسی پورٹل پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔