منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Published On 15 October,2025 11:48 am

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بریّت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 25 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

سپیشل سینٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

عدالت نے تحریری حکم میں لکھا کہ ملزم کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے ساتھ سروسز ہسپتال کے ڈاکٹر کی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹ منسلک تھی جس میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تحریری حکم کے مطابق سپیشل پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا تھا کہ گزشتہ سماعت پر جمع کرائی گئی حاضری معافی ادویات کے نسخے کے بغیر تھی تاہم موجودہ درخواست تمام ضروری میڈیکل دستاویزات کے ساتھ مکمل ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ پرویز الہٰی کی بریت کی درخواست پر تمام فریقین کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں جس پر فیصلہ 25 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔