اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ آج پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر دفاع کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد آج دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کرے گا، پاکستانی وفد دوحہ میں افغان طالبان نمائندوں سے مذاکرات کرے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات میں افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی پر بات ہوگی، پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات پر بات ہوگی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، افغان طالبان پر زور دیتے کہ وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے وعدوں کا احترام کریں، افغان طالبان دہشت گرد تنظیموں سے متعلق پاکستان کے خدشات دور کریں۔
ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت دیگر دہشتگرد گروپس کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کریں، افغان طالبان پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کریں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے، امید ہے کہ یہ بات چیت خطے میں امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔