پاکستان میں نفرت اوردہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں:وزیراعظم

Published On 20 October,2025 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نفرت اوردہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دیوالی کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا  ہندوبرادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دیوالی خوشی،امن اوررواداری کا خوبصورت پیغام ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے، قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک ہر شعبے میں اقلیتوں کا اہم کردارہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم اورصحت کےشعبےمیں اقلیتوں کی نمایاں خدمات ہیں،مسلم لیگ(ن)سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کے نمائندے موجود ہے، قومی اسمبلی،سینیٹ سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کا حصہ ہے، قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف آئندہ ہفتے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کریں گے

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کےلیےخصوصی سکالرشپس حکومت کی ترجیح ہے، یوتھ پروگرام کے تحت بھی اقلیتوں کومواقع فراہم کیےجا رہے ہیں، بجٹ میں اقلیتوں کےلیےخصوصی حصہ مختص کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں اقلیتی برادری پر فخر اور ناز ہے، پاکستان اُجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، پاکستان میں نفرت اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قوم پاک فوج کےساتھ کھڑی ہے، انہوں نے تقریب میں ہندوبرادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔