اسلام آباد :(دنیا نیوز) پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ہمیں ٹیکس نیٹ بڑھانے کے کیلئے اپنے کاروبار کاحجم 10گنا بڑا کرنا ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ آج بجلی سستی نہیں ہے تو سولر لگائیں اورکاسٹ نیچے لائیں، پاکستان کو آج دنیا میں عزت مل رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اِس وقت ہمیں اپنے کاروباروں کو 10گنا بڑا کرنا چاہیے، اپنے کاروبار کو جتنا بڑا کریں گے اتناہی روزگارپیدا ہوگا، اتنا زیادہ ملک کو ٹیکس لاکر دیں گے، ہمارا سیاست سے تعلق نہیں ہے۔
پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ ہم ہیلتھ اورایجوکیشن پر 3.2ٹریلین روپے لگارہے ہیں، ہمیں صحت اورتعلیم پر بہت محنت کی ضرورت ہے۔
ایس ایم تنویرنے کہا کہ رانا سکندر حیات نے کہا اِن کا اپنا بچہ سرکاری سکول میں پڑھ رہا ہے، وزیرتعلیم پنجاب سرکاری سکولوں کی بہتری کیلئے بہت کچھ کررہے ہیں، ہمارے ملک میں تیل کے ذخائر ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مائنز اینڈمنرلزسمیت بے شمار معدنی ذخائر ہیں، جب سب کچھ ہے تو آئی ایم ایف کا قرض کیوں، ہم کیوں قرضوں میں دھنستے چلے جارہے ہیں؟ ہم سے کہیں نہ کہیں تو غلطی ہوئی ہے۔
پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ نے کہا کہ ہمیں سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے،ہمیں چھوٹے صوبے چاہئیں، اتنے بڑے بڑے صوبے لیکر نظام کو ٹھیک نہیں کرسکتے، یہاں لاکھوں سکول ہیں ان کو کیسے ٹھیک کریں گے؟ ہسپتالوں کو کیسے ٹھیک کریں گے؟
ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں 33ڈویژن ہیں تو 33صوبے بنادیں، بھارت کے 1947میں 9صوبے تھے آج 30سے زیادہ ہیں، پاکستان کے1947میں 4صوبے تھے، آج 25کروڑ کی آبادی ہے اور4ہی صوبے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوں گے تو کام نہیں ہوگا، دشمن ہمارےسر پر کھڑا ہوکر ہر روز بدلہ لینے کی کوشش کررہا ہے، پاک آرمی دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور دنیا میں ملک کی عزت بڑھا رہی ہے،ہمارا بھی کوئی فرض ہے جو ہم نے پورا کرنا ہے۔