27ویں ترمیم پر پریشان ہونے کی نہیں قانون وضع کرنے کی ضرورت ہے: ایم کیوایم

Published On 05 November,2025 05:17 pm

اسلام آباد(دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کہا ہے کہ کسی کو 27ویں آئینی ترمیم پر حیران اور پریشان ہونے کی نہیں قانون وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار کا دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم گڈگورننس اور بہتر ہم آہنگی سے متعلق ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، ترمیم کے معاملے پر ہم نے خود وزیراعظم سے رابطہ کیا، بلدیاتی حکومت کو بھی آئین کے تحت حکومت سمجھا جائے، آئین لوکل حکومت کا تحفظ کرے اور سپریم کورٹ اس کی نگرانی کرے۔

سربراہ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو اختیارات دے کر مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، آئینی ترمیم کے معاملے پر کئی روز سے لوگ رابطے کررہے ہیں۔
فاروق ستار

ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آئین میں لکھا جائے کہ مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے کے بعد نئے انتخابات ہوں گے،آئین میں وقت کے ساتھ ترامیم ہونی چاہئیں جو ضروری ہے، کسی کو 27ویں آئینی ترمیم پر حیرانی اور پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکومتوں کے قوانین مزید وضع کرنے کی ضرورت ہیں، صوبائی خود مختاری کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کی خود مختاری بھی ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے اتحادی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا آغاز کردیا گیا۔