چمن بارڈرپر فائرنگ، پاکستانی فورسز نے افغانستان کو بھر پورجواب دیا: وزارتِ اطلاعات

Published On 06 November,2025 09:56 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر فائربندی کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے وزارت اطلاعاتِ و نشریات کا جاری ہونے والے بیان میں کہنا تھا کہ چمن بارڈر پر افغانستان سے کچھ عناصر نے پاکستانی پوسٹوں پربلا اشتعال فائرنگ کی، سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے فائرنگ کا ذمہ دارانہ طریقے سے جواب دیا۔

حکام نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی جانب سے اس واقعے سے متعلق دعوے کہ فائرنگ پاکستان نے پہلی شروع کی مسترد کرتا ہے۔

حکام کا کہنا تھا فائرنگ افغانستان کی طرف سے شروع ہوئی، جس کا سکیورٹی فورسز نے فوری اور ذمہ دارانہ انداز میں جواب دیا، پاکستانی فورسز کی ذمہ دارانہ کارروائی سے صورتِ حال پر قابو پالیا گیا۔

دوسری جانب وزارتِ اطلاعات ونشریات کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بندی بدستور برقرار ہے، پاکستان جاری مذاکرات کے لیے پرعزم ہے اور افغان حکام سے باہمی تعاون کی توقع رکھتا ہے۔

واضح رہے چمن بارڈر پر فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب استبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مذاکرات کا تیسرے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔