کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں واٹر ٹینکر اور ٹرک نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا۔
نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی یو ٹرن کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے موقع پر جمع ہوکر واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کیا گیا اور نذر آتش کی بھی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر نذر آتش ہونے سے بچالیا۔
واقعہ کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، متوفی نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، اس کی عمر 20 سال کے قریب بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واٹر ٹینکر اور متوفی کی موٹر سائیکل قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی ہے جبکہ پولیس متوفی نوجوان کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
ایک اور واقعہ سپر ہائی وے پاکستان کانٹے کے قریب پیش آیا جس کے باعث ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ہسپتال منتقل کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 27 سالہ محمد نواز کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے واقعات کی تفتیش شروع کردی۔



