حیدر آباد: پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے کے مزید 2 زخمی دم توڑ گئے

Published On 17 November,2025 01:24 am

حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی۔

دھماکے کے 5 زخمی سول ہسپتال کراچی میں زیر علاج تھے جن میں سے دو زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ شیراز اور 35 سالہ نعیم شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زخمی مزدوروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی، فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے خلاف قانون پٹاخوں کے گوداموں، فیکٹریوں اور ایل پی جی فِلنگ پوائنٹس کی نشاندہی اور بندش کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق غیر قانونی گوداموں، دکانوں اور فیکٹریوں کا سروے اور کریک ڈاؤن ہوگا، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو کارروائی کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

کمیٹیاں مارکیٹس، گوداموں اور پوشیدہ مقامات کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کریں گی، قوانین اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیکٹریاں اور گودام فوری طور پر سیل کئیے جائیں گے، خلاف ورزی پر تمام مواد ضبط کیا جائے گا اور مالکوں اور سہولت کاروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد زین العابدین نے ہفتہ وار رپورٹس جمع کروانے اور پیشرفت اجلاس بلانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں، خیال رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔