پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دی گئیں، ضلع مانسہرہ پولیس نے غیر ملکی افغان مہاجرین کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن جاری کر دی۔
پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری 11 دسمبر تک خود پاکستان چھوڑ دیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو رہائش فراہم کرنے والے شہری بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے، ایسے مکان مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے جو غیر رجسٹرڈ یا غیر قانونی افغان باشندوں کو کرایہ پر جگہ فراہم کرتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پہلے سے جاری کریک ڈاؤن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور ضلعی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔



