لاہور: (ویب ڈیسک) پہلی سارک سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اسجد اقبال اور محمد بلال نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل کے دروازہ پر دستک دیدی ہے۔
بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے دوران پاکستان کیوئسٹ اسجد اقبال نے اپنی عمدہ کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا اور میزبان ملک کے زیڈ اے آزاد کو 2-4 فریمز سے پچھاڑ کر مسلسل دوسری کامیابی کو گلے لگایا۔
میچ جیتنے کے دوران انہوں نے اپنے حریف کے ساتھ اعصاب شکن میچ کھیلا، پہلے دو فریمز میں شکست کے باوجود اسجد نے ہمت نہ ہاری، اگلے چاروں فریمز جیت کر میچ میں 2-4 فریمز سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی جیت کا سکور 51-53، 50-57، 68-14، 67-5، 98-25 اور 58-23 رہا۔
دوسری طرف ایک اور میچ میں پاکستان کے محمد بلال نے سری لنکا کے حریف کھلاڑی عاشق حسین کو با آسانی 4-0 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی۔ گرین شرٹس کے کھلاڑی کی جیت کا سکور 82-33، 65-31، 84-6 اور 73-7 رہا۔