پاکستان فٹبال فیڈریشن کا تربیتی کیمپ کے لئے 36 کھلاڑیوں کا اعلان

Published On 15 February,2023 01:40 am

اسلام آباد : ( ویب ڈیسک ) پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) نے فیفا دوستانہ میچز، ساف چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کی تیاری کے سلسلے میں 16 فروری سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے لئے 36 کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔

پی ایف ایف کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کئے گئے ایک بیان میں تربیتی کیمپ کے لئے منتخب کئے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

فیڈریشن کے مطابق ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی فیفا فرینڈلز میچز، ساف چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے لئے تیاری کریں گے جبکہ کھیل میں مہارت بہتر بنانے کے ساتھ فٹنس کو عالمی معیار کے مطابق لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

منتخب کھلاڑیوں میں عبدالباسط، ثاقب حنیف، سلمان الحق، حسن علی، عثمان شوکت، عمر حیات، راحیل نواز، قربان علی، قدیر خان، علی خان نیازی، مامون موسیٰ خان، سردار ولی، عبداللہ شاہ ، حسیب احمد خان، جنید شاہ ، سعید خان، عبدالرحمٰن اور فیصل علی شامل ہیں۔

فٹ بال فیڈریشن کے مطابق علی عزیر، عمیر علی، زین العابدین ، عمر سعید، نائیک اسلم، محمد ریاض، فہیم اللہ، عالمگیر غازی، محمد طحہٰ، توقیر، محمد سفیان، ولید خان، معین، محمد وحید، شائق دوست، عیسیٰ بہادر، محمد افضل اور فرید اللہ کو بھی تربیتی کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔