ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 136 واں ایڈیشن 3 جولائی سے شروع ہوگا

Published On 29 June,2023 05:49 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) رواں برس کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے 136 ویں ایڈیشن کا آغاز 3 جولائی سے برطانیہ میں ہوگا۔

میگا ایونٹ میں ایسوسی ایشن ٹینس پروفیشنل ( اے ٹی پی ) کا 136 واں جبکہ ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے ) کا 129 واں ایڈیشن ہو گا جبکہ ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ان ایکشن ہوں گے۔

ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے، سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں میں قزاخستان کی ایلینا ریباکینا نے 2022 کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں میتھیو ایبڈن اور ان کے ہم وطن جوڑی دار میکس پورسل پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔