بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں خوراک کی بدلتی عادت نے بیڈمنٹن میں بحرانی کیفیت پیدا کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیڈمنٹن کی شٹل کاک کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس سے بیڈمنٹن کے کھلاڑی، منتظمین اور مینو فیکچرز پریشان ہیں، پروں سے بننے والی معیاری شٹل کاکس تیزی سے ختم ہو رہی ہیں، جن کے پاس شٹل کاکس کا سٹاک پڑا ہے وہ بھی پریشان ہے۔
معیاری شٹل کاکس بطخ اور ہنس کے پروں سے تیار کی جاتی ہیں، چین میں اب ان جانوروں کی مانگ کم ہے کیوںکہ چینی اب ان جانوروں کا گوشت کم کھاتے ہیں۔
چین میں ان جانوروں کی اب فارمنگ بھی کم ہو رہی ہے، کم فارمنگ سے شٹل کاکس کیلئے پرَ دستیاب نہیں، بیڈمنٹن کیلئے صرف جانوروں کی فارمنگ کرنا منافع بخش کاروبار نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شٹل کاکس بنانے والی بڑی کمپنیوں نے اب متبادل انتظامات کے بارے سوچنا شروع کر دیا ہے، ایسی معیاری شٹل کاکس بنانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے جس کیلئے پروں کی ضرورت نہ ہو۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرانس اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی شٹل کاکس کی قلت کے مسئلے کو اجاگر کیا جانے لگا ہے۔
شٹل کاکس کیلئے بڑے مینو فیکچرز کی پروں کی ضرورت چین سے بآسانی پوری ہوتی تھی، شٹل کاکس پولٹری کی بائی پراڈکٹ ہے بہترین شٹلز بطخ اور ہنس کے پروں سے تیار ہوتی ہیں۔