کشمیر کمپلیکس میں نیشنل گیمز کے لئے رکھا گیا سامان چوری، ملزم گرفتار

Published On 18 October,2025 05:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) 35 ویں نیشنل گیمز کا سامان بھی چوروں سے محفوظ نہیں، کشمیر کمپلیکس میں نیشنل گیمز کے لئے رکھا گیا سامان چوری ہوگیا۔

نیشنل گیم کا سامان چوری کرنے والا ایک ملزم رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، چور آرچری کا سامان چوری کر رہے تھے، پہلے دو بار آرچری کا سامان چوری ہوچکا ہے۔

سیکرٹری ایس او اے آرگنائزر احمد علی راجپوت نے میئر کراچی، وزارت کھیل اور دیگر اعلیٰ حکام سے چوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

احمد علی راجپوت نے کہا کہ ایس ایچ او جمشید کوارٹرز انصر بٹ کو آگاہ کر دیا ہے، سیکرٹری آرچری ایسوسی ایشن سندھ اعجاز علی کے مطابق تقریباً 22 لاکھ روپے کا سامان چوری ہوا ہے۔

پولیس نے 5 سے 6 افراد پر مشتمل چوروں کے گروہوں کے مرکزی ملزم محمد واجد کو گرفتار کر لیا۔

سیکرٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا کہ چوری کا مال خریدنے والے کباڑیوں کو بھی گرفتار کرنے کی ضرورت ہے، کباڑی چوری کا مال نہ خریدیں تو چوری بھی نہ ہو۔