اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بلائنڈ سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام پیسفک چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تقریب میں بطور مہمان خاص شرکت کی اور کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس افراد باہم معذور کے حوصلے بلند کرتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہاں سے دنیا کو یہ پیغام ملتا ہے کہ ہماری عوام سماجی ہم آہنگی، برداشت، اور برابری کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ افراد باہم معذور ہماری سماجی اور قومی زندگی کا اہم حصہ ہیں، افراد باہم معذور کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا انسانی وقار اور شمولیتی معاشرے کے فروغ کا عکاس ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت افراد باہم معذور کی فلاح و بہبود، تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ان اقدامات سے یہ افراد زندگی کے ہر میدان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔