دہی بلڈ پریشر اورامراضِ قلب سے بچانے میں معاون

Last Updated On 06 April,2018 11:03 am

ماہرین نے ایک سروے کے بعد انکشاف کیا کہ دہی کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے بچاتا ہے

واشنگٹن(نیٹ نیوز) ہائی بلڈ پریشر، فالج اور امراضِ قلب کی بڑی وجہ ہے اسی بنا پر اس کیفیت کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے ۔ اس وقت دنیا بھر میں ایک ارب آبادی ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہے تاہم دہی کا استعمال اس مرض کو قابو میں رکھتا ہے اور یوں دل کے متعدد امراض کا خطرہ ٹل سکتا ہے ۔

اس ضمن میں نرسز ہیلتھ سٹڈی کی گئی جس میں 30 سے 35 برس کی عمر کی 55 ہزار ایسی خواتین کو شامل کیا گیا جنہیں بلند فشارِ خون کا عارضہ لاحق تھا جبکہ ساتھ ہی 40 سے 75 سال کے 18 ہزار مردوں کو بھی شامل کیا گیا اور کئی سال تک ان کا جائزہ لیا گیا۔ سروے کے پورے عرصے میں جنہوں نے ہفتے میں دو مرتبہ دہی کھایا تھا ان میں یہ خطرات 20 فیصد تک کم دیکھے گئے۔

تحقیقی ٹیم کے اہم رکن جسٹن بیونڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل قیاس کیا جاتا رہا تھا کہ دہی بلڈ پریشر معمول پر رکھتا ہے تاہم اب ہزاروں افراد پر کئے گئے 30 سالہ مطالعے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ دہی جسم پر مفید اثرات مرتب کرتا ہے کیونکہ بلڈ پریشر میں مبتلا افراد پر دہی کے بہت اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔