چین میں ’اسمارٹ روڈ‘ ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک نیا انقلاب

Last Updated On 19 April,2018 09:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چین میں اسمارٹ سڑک کے منصوبے کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ’بلومبرگ‘ کی جانب سے شائع کی گئی، رپورٹ کے مطابق چین نے پہلے اسمارٹ روڈ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اسمارٹ روڈ نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت ملک میں آنے والے برسوں میں اسمارٹ سڑکوں کی تیاری کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ٹرانسپورٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے کرہ ارض کو آلودگی سے بچانا ہے کیونکہ اس وقت آلودگی بھی انسانی وجود کے لیے ایک تشویشناک خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ آزمائشی اسمارٹ روڈ 108 کلو میٹر طویل، یومیہ 45 ہزار گاڑیاں گذریں گی۔

اسمارٹ روڈ کی تیاری سے ملک میں روایتی سڑکوں پر ٹریفک کی مشکلات کم کرنے اور ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ خود کار گاڑیوں اور ڈرائیور کے ذریعے چلائی جانے والی گاڑیوں کو زیادہ محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ روڈ کے اطراف میں جگہ جگہ شمسی توانائی کے پینل لگائے جائیں گے جن کی مدد سے خود کار کاروں کو چارج کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ اسمارٹ سڑکوں پر سینسرز نصب ہوں گے جو روایتی گاڑیوں کی خرابی بیٹریوں کی خرابی کی صورت میں مدد فراہم کریں گے۔ چینی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ سنہ 2030ء تک ملک میں 10 فی صد خود کار طریقے سے چنے والی کاریں سڑکوں پر لانا چاہتی ہے۔