لاہور (نیٹ نیوز ) سنیپ چیٹ کچھ عرصے پہلے فیس بک کے لیے بڑا خطرہ بن چکی تھی مگر فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے سنیپ چیٹ کو کچلنے کے لیے اپنی ایپس کو مخالف ایپ کے فیچر اسٹوریز سے لیس کیا اور اسے پیچھے چھوڑنے میں ناکام ہوگئے۔
خصوصاً انسٹاگرام اب سنیپ چیٹ کے لیے زیادہ بڑا خطرہ بن چکی ہے اور اب وہ ایسے چند فیچرز متعارف کرانے والی ہے جو تابوت پر آخری کیل ثابت ہوسکتے ہیں۔ انسٹاگرام کی جانب سے ان فیچرز کو فی الحال محدود صارفین پر آزمایا جارہا ہے اور باقاعدہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔
یہ فیچرز یقیناً اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو استعمال کرنے کا تجربہ بدل دیں گے۔ اگر انسٹاگرام پر آپ کسی دوست کی پوسٹس سے تنگ ہیں تو اس سے جان چھڑانے کا واحد طریقہ اسے ان فالو کردینا ہے مگر اب اس ایپ میں زیادہ بہتر فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں صارف کسی کو ناراض کیے بغیر دوسرے صارف کو میوٹ کردے گا، تو اس کی پوسٹس فیڈ پر نظر نہیں آئیں گی۔
انسٹاگرام سٹوریز یعنی صرف ایک فیچر کو پہلے ہی سنیپ چیٹ کے مجموعی صارفین سے زیادہ لوگ استعمال کررہے ہیں اور اس میں مزید فیچرز کا اضافہ اس سبقت کو بڑھائے رکھنے کے لیے ہے۔ حال ہی میں پہلے ٹائپ فیچر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد فوکس کو متعارف کرایا گیا جس میں آئی فون ایکس جیسے کیمرے کی خصوصیات عام کیمرے کو دے دی گئی اور اب سلوموشن فیچر کو متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس وقت آرکائیو میں موجود انسٹاگرام سٹوریز کو گرڈ ویو میں ہی دیکھا جاسکتا ہے تاہم اس میں کسی مخصوص تاریخ کی سٹوری تلاش کرنا کافی محنت طلب کام ہے اور اس کا حل کیلنڈر ویو کی شکل میں پیش کیا جارہا ہے۔
اسٹوریز ری ایکشن
فیس بک کے ری ایکشنز جیسا فیچر اب انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی بہت جلد متعارف کرایا جارہا ہے جس میں ایموجیز سے اپنے جذبات کا اظہار کرنا ممکن ہوگا۔
پوسٹس میں فیس بک فرینڈز کو ٹیگ کرنا
جی ہاں بہت جلد انسٹاگرام پر کی جانے والی پوسٹ پر صارفین اپنے فیس بک دوستوں کو بھی ٹیگ کرسکیں گے۔
ویڈیو کالنگ
سنیپ چیٹ میں صارفین کے لیے ویڈیو کالنگ کا فیچر موجود ہے جبکہ سکائپ کی مقبولیت بھی اسی وجہ سے ہے مگر انسٹاگرام اب اس معاملے پر انہیں سخت ٹکر دینے والی ہے۔ خود سوچیں اس وقت کسی کو سنیپ چیٹ یا سکائپ کی کیا ضرورت ہوگی جب اسے انسٹاگرام پر ہی ویڈیو کالنگ کی سہولت مل جائے؟