موٹر سائیکل سواروں کیلئے ائیر کنڈیشنڈ ہیلمٹ تیار

Last Updated On 06 June,2018 03:35 pm

بنگلورو: (ویب ڈیسک) پاکستان اور دیگر گرم ممالک میں موسمِ گرما میں دن کے وقت ہیلمٹ پہننا ایک عذاب ہوتا ہے جس کے لیے اب ایئرکنڈیشنڈ ہیلمٹ کی صورت میں ایک دلچسپ اور آسان حل پیش کیا گیا ہے۔

اسے بلیو آرمر ہیلمٹ کا نام دیا گیا ہے جس کے اندر ایک جڑنے اور نکل جانے والا ایئرکولر لگایا گیا ہے۔ یہ ایئرکولر سیکنڈوں میں ہیلمٹ کو ایئرکنڈیشنڈ بنا کر سر کو فوری طور پر ٹھنڈا کرتا ہے۔ تاہم اس سے ہیلمٹ کے وزن میں کچھ اضافہ ہو گیا ہے۔ اسے بنگلور کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے۔

ہیلمٹ میں ایک چھوٹی بیٹری لگی ہے جو بہت سادہ انداز میں کام کرتی ہے۔ اس کے اندر پانی سے بھرے دو پائپ ہیں جن کے بخارات پنکھے سے ہیلمٹ کے اندر گھومتے رہتے ہیں اور اندرونی طور پر ہیلمٹ ٹھنڈا ہوجاتا ہے۔ کولر میں 60 ملی لیٹر پانی، برقی پنکھا، فلٹر اور 2500 ایم اے ایچ بیٹری نصب ہے جسے بار بار چارج کیا جاسکتا ہے۔ اگر اسے مکمل طور پر چارج کیا جائے تو یہ دس گھنٹے تک کارآمد رہتی ہے۔
بلیو ہیلمٹ کا ایک اور اہم حصہ بلیو اسنیپ ہے جو لچک دار پٹی کی طرح ٹھوڑی والے حصے سے منسلک ہوجاتا ہے اس میں لگا پنکھا ٹھنڈی ہوا کو ہیلمٹ کے اندر پھینک کر درجہ حرارت کو 6 سے 15 درجے سینٹی گریڈ تک کم کرسکتا ہے۔ پورے ہیلمٹ کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ کا شیشہ نمی سے دھندلا نہیں ہوتا۔ اس ہیلمٹ کی قیمت 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور یہ پانچ مختلف ڈیزائنوں میں دستیاب ہے۔