لاہور(نیٹ نیوز) کیا آپ کا شمار ایسے افراد میں ہوتا ہے جو ساری رات جاگتے ہیں اور کمپیوٹر پر اپنے بیشتر کام رات کو ہی نمٹاتے ہیں؟ اگر ہاں تو آپ اپنے آپ کو سخت خطرات میں مبتلا کر رہے ہیں۔
حال ہی میں کی جانیوالی ایک تحقیق کے مطابق رات دیر تک یا ساری رات جاگنے والے افراد میں، رات جلد سونے اور صبح جلد اٹھنے والوں کی نسبت قبل از وقت موت کا خطرہ 10 فیصد زیادہ ہوتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق نیند انسانی جسم کیلئے بیحد ضروری ہے تاہم اس کے فوائد اسی وقت حاصل کئے جاسکتے ہیں جب جسم کے اندر نصب حیاتیاتی گھڑی پر کاربند رہا جائے اور فطرت کے مطابق رات میں نیند پوری کی جائے اور دن میں کام کیا جائے۔
اس کے برعکس اگر ساری رات جاگ کر سارا دن بھی سویا جائے تب بھی جسم کی نیند کی ضرورت پوری نہیں ہوگی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کو جاگنے والے افراد میں ذیابیطس، مختلف جسمانی و اعصابی عارضوں، ذہنی تناؤ اور کسی بھی نشے کے عادی ہوجانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ عادت دماغی خلیوں کے درمیان رابطے کو سست کرتی ہے جس کے بعد دماغ کی کارکردگی کم ہونے لگتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کوشش کریں کہ رات کے وقت کم سے کم روشنی استعمال کریں جبکہ دن کی روشنی سے بھرپور طور پر مستفید ہوں ،اپنے کاموں کو دن کے اوقات میں نمٹا لیں اور رات میں کرنے کیلئے کوئی بھی کام نہ چھوڑیں۔