نوجوان فیس بک کا استعمال ترک کر رہے ہیں

Last Updated On 04 June,2018 03:19 pm

سان فرانسسکو(نیٹ نیوز) نوجوانوں میں فیس بک ترک کرنے کے رجحان میں 2015 سے تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ انسٹا گرام اور سنیپ چیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ 2015 کے مقابلے میں فیس بک کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے اور نوجوانوں میں فیس بک کو ترک کر کے سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس کو استعمال کرنے کا رجحان دیکھا گیا ہے ۔

امریکہ کے نجی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سنٹر کی جانب سے کئے گئے اس سال کے سروے میں حیران کن اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ 2015 میں اسی ادارے کی جانب سے کئے گئے سروے کے تقابلی جائزے سے پتا چلا کہ نوجوانوں میں فیس بک کا استعمال 71 فیصد سے گھٹ کر 51 فیصد رہ گیا ہے جبکہ نوجوانوں میں انسٹا گرام کی مقبولیت 52 فیصد سے بڑھ کر 72 فیصد اور سنیپ چیٹ کی 41 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد ہوگئی ہے۔