لاہور: (ویب ڈیسک) صبح دیر سے بیدار ہونے کی خراب عادت اب ہمارے طرزِ زندگی کا ایک عام سا حصہ بن چکی ہے- اس عادت سے چھٹکارا پانا ایک مشکل کام ہے، اس خبر میں صبح سویرے اٹھنے کے چند آزمودہ نسخے جانیے۔
صبح آنکھ نہ کھلنے کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہے، نیند کا پورا نہ ہونا۔ ایک اچھی صبح کا آغاز رات کی تیاری پر منحصر ہے۔ اگر آپ بستر میں جاتے ہی نیند کی وادیوں میں چلے جانا چاہتے ہیں تو فون، ٹیبلٹ یا دیگر الیکٹرنک ڈیوائسز کو اپنے ساتھ بستر میں لے کر نہ جائیں۔ ایک بالغ فرد کے لیے سات سے لے کر نو گھنٹے تک کی نیند ضروری ہوتی ہے۔ اگر رات میں آپ کی نیند ٹوٹتی ہے تو وقت پر بستر میں جانے کے باوجود بھی یہ آٹھ گھنٹے پورے نہیں ہو پاتے۔
اگر آپ کا الارم آپ کے بستر سے بہت قریب ہوگا تو آپ اسے ہر 5 منٹ بعد بند کر دیں گے اور پھر سونے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ اس لیے الارم کو اتنے فاصلے پر رکھیں کہ آپ کو اس کی آواز بھی سنائی دے اور اسے بند کرنے کے لیے بھی آپ کو بستر سے اٹھ کر اس تک پہنچنا پڑے۔ کوشش کریں کہ اپنی پسند کا کوئی گانا الارم کی دھن کے طور پر منتخب کریں تاکہ الارم کی آواز آپ کو تکلیف نہیں بلکہ لطف دے۔ صبح اٹھتے ہی ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔ اس سے نیند ٹوٹ جائے گی۔ الارم کی گھڑی باتھ روم کے قریب بھی رکھی جا سکتی ہے تاکہ اِدھر الارم بند کیا اور اُدھر ساتھ ہی منہ دھونے چلے گئے۔ اس کے بعد بستر کا رخ نہ کریں۔
رات میں دو چمچ فریج میں رکھ کر سوئیں اور صبح اٹھ کر یہ چمچ اپنی آنکھوں پر رکھ لیں۔ اس سے آپ کی ساری نیند اڑ جائے گی اور آپ تازہ دم ہو جائیں گے۔ بستر چھوڑنے کو دل تب ہی کرے گا، جب آپ کے پاس اٹھنے کی کوئی اچھی وجہ ہو گی۔ آپ کسی دوست کو اپنے ساتھ ورزش کرنے کے لیے بلا سکتے ہیں یا اپنے جاگنے کے وقت کو ٹی وی اور ریڈیو پر صبح کے کسی پروگرام سے جوڑ سکتے ہیں، جو آپ کے سوتے رہنے کی صورت میں مِس ہو سکتا ہے۔
رات کو ہلکا پھلکا کھانا کھائیں۔ بہت زیادہ کھانا کھانے سے جسم تب تک ٹھیک طرح سے سو نہیں پاتا جب تک کہ کھانا ہضم نہ ہو جائے۔ رات کے وقت کھانے کے بعد چائے یا کافی بالکل نہ لیں۔ ان سے بھی نیند خراب ہوتی ہے۔ صبح صبح چائے یا کافی کا ایک گرما گرم کپ نیند کھولنے کے لیے بہترین طریقہ ہیں۔