لاہور(نیٹ نیوز) سعودی عرب کے صوبے الباحہ میں انٹرنیشنل شہد فیسٹیول کا 11 واں ایڈیشن جاری ہے۔ پرنس محمد بن سعود پارک میں منعقد فیسٹیول میں 30 سے زیادہ مگس بان شرکت کر رہے ہیں۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک سعودی مگس بان علی بن عبداللہ العمری نے بتایا کہ فیسٹیول میں بیری اور پیلو سمیت درجن بھر سے زیادہ اقسام کے شہد رکھے گئے ہیں۔ ان اقسام کو رنگوں کی بنیاد پر پہچانا جا سکتا ہے۔
فیسٹیول میں رکھے گئے مختلف انواع کے شہد مختلف ذائقے اور خوشبو رکھتے ہیں۔ عمومی طور پر تمام اقسام کے شہد میں ایک خاص نوعیت کی خوشبو پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب فیسٹیول کے انتظامی نگران عبداللہ بن محمد الزہرانی نے ایونٹ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فیسٹیول کے افتتاح کے روز سے اب تک 3 ٹن کے قریب شہد کی ترسیل ہو چکی ہے۔