فیصل آباد: (روزنامہ دنیا) جی سی یونیورسٹی کے شعبہ زوآلوجی اور چائنیز اکیڈمی آف سائنس کے سائنسدانوں نے کوہاٹ کے علاقے کلڈانا سے 5 کروڑ سال پرانی مچھلیوں کے فوسلز دریافت کر لئے۔
ریسرچرز کے گروپ میں اسسٹنٹ پروفیسر خضر سمیع اللہ، چائنیز پروفیسر ڈاکٹر شی جون نی، پروفیسر کووینگ، مسٹر چینگ، پی ایچ ڈی سکالر سلیم اختر، عمر دراز، رانا مسرور فضل اور خرم فیروز شامل تھے۔
ڈاکٹر خضر سمیع اللہ کے مطابق دریافت کئے گئے فوسلز سے معلوم ہوتا ہے کہ ان مچھلیوں کے گروپ کا تعلق چنی ڈی سے ہے۔ چنی ڈی مچھلیاں پانچ کروڑ سال پہلے تازہ پانیوں میں پائی جاتی تھیں۔
کوہاٹ سے ان فوسلز کا ملنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کوہاٹ پانچ کروڑ سال قبل دریائی گزرگاہ ہوا کرتا تھا جہاں مچھلیاں اور دوسرے آبی جاندار پائے جاتے تھے لیکن زمینی تبدیلیوں کی وجہ سے یہاں صرف مچھلیوں کی باقیات ملی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں مچھلیوں کی باقیات ملی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے کوہاٹ میں چائنیز اکیڈمی آف سائنس کی معاونت سے تین سالہ ریسرچ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا تا کہ ان علاقوں سے مزید باقیات تلاش کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں 40 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سے جانوروں کی باقیات مل سکتی ہیں۔ چائنیز اکیڈ می آف سائنا کے تعاون سے ہی جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بھی لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔