کھوئی سماعت واپس لانے کا طریقہ دریافت، طبی ماہرین

Last Updated On 24 December,2018 06:35 pm

منی سوٹا: (ویب ڈیسک) جوں جوں انسان کی عمر بڑھتی ہے اس کے اعضا مسلسل کام کے باعث شکستگی کا شکار ہونے لگتے ہیں، ایسے میں بڑھاپے میں سماعت کی خرابی بھی عام ہو گئی ہے تاہم طبی سائنسدانوں کے مطابق ایسا طریقہ دریافت کر لیا گیا ہے جس کے ذریعے سماعت کسی حد تک واپس لوٹائی جا سکتی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ کان کے اندر پائے جانے والے بعض بال نما خلیات کو دوبارہ اگا کر سماعت کو لوٹایا جاسکتا ہے اور بعض جانوروں پر تجربات میں کامیابی بھی ملی ہے۔ سننے کے عمل کے دوران آواز کی لہریں کان میں داخل ہوتی ہیں جس سے طبلِ گوش پر ارتعاش پیدا ہوتا ہے۔ اندرونی کان میں بال نما خلیات (کوکلیہ) ان ارتعاشات کو برقی سگنل میں بدلتے ہیں اور ہم آواز سن پاتے ہیں۔

یونیورسٹی آف روچیسٹر میڈیکل سینٹر کی ڈاکٹر پیٹریشیا وائٹ نے ایسے ریسپٹرز کا گروہ دریافت کیا جو بعض جانوروں (مثلاً پرندوں اور مچھلیوں) میں سماعت کے اعصاب کی دوبارہ افزائش میں مدد دیتے ہیں۔ انہیں ایپی ڈرمل گروتھ فیکٹر (ای جی ایف) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ خلیات سماعت میں مددگار بالوں کے خلیات دوبارہ بنانے میں مددگار ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر پیٹریشیا نے ممالیوں میں ان ریسپٹرز کو دوبارہ اگانے کے تجربات کئے ہیں۔ ان کے مطابق ای آر بی بی ٹو نامی ایک خاص ریسپٹر کوکلیہ میں سماعت والے خلیات کو دوبارہ پیدا کرتے ہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے پورے عمل کے طریقے کو بحال کرنے کے تین اہم طریقے بھی ڈھونڈ نکالے ہیں۔

اس کوشش کے نتیجے میں ماہرین کو دودھ پلانے والے (ممالیہ) جانوروں میں پہلی مرتبہ تمام ضروری بال نما خلیات اگانے میں کامیابی ملی ہے۔ اس کے لیے ماہرین نے خلیاتِ ساق (اسٹیم سیل) کو استعمال کرکے انہیں مخصوص خلیات میں ڈھالا ہے اور سماعت میں ان کا غیرمعمولی مقام ہوتا ہے، اس طرح سماعت سے محروم افراد کے لیے نئی امید پیدا ہوگئی ہے جو مستقبل قریب میں مزید تحقیق کے بعد عملی طور پر سامنے آسکتی ہے۔