سائنٹفک ریسرچ پیپرز کی اشاعت میں پاکستان کی بہترین کارکردگی

Last Updated On 26 December,2018 07:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں برس سائنٹفک ریسرچ پیپرز کی اشاعت میں پاکستان کی بہترین کارکردگی سامنے آئی ہے، Clarivate Analytics کی رپورٹ کے مطابق دوہزار اٹھارہ میں گزشتہ برس کی نسبت اکیس فیصد زیادہ ریسرچ پیپرز شائع ہوئے، جس کے باعث پاکستان ریسرچ میں تیز رفتار ترقی کرنے والے ممالک میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگیا۔

دو ہزار اٹھارہ کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں اکیس فیصد زیادہ ریسرچ پیپرز شائع ہوئے۔ تحقیقاتی مقالوں کا ریکارڈ رکھنے والی امریکی کمپنی Clarivate Analytics کی رپورٹ کے مطابق سالانہ اشاعت میں اضافہ کا تناسب پاکستان کو ٹاپ پوزیشن پر لے گیا۔

رپورٹ کے مطابق 2018 میں پاکستان سے شائع ہونے والے ریسرچ پیپرز کی تعداد میں 21 فیصد اضافہ ہوا جو کسی بھی ملک کی طرف سے بہترین کارکردگی ہے، مصر15.9فیصد اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

سائنٹفک ریسرچ میں تیز رفتار ترقی کرنے والے دس ممالک میں چین، بھارت، برازیل ، میکسیکو، ایران، پولینڈاور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

Scimago Institution کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال پاکستان سولہ ہزار آٹھ سو ستانوے ریسرچ پیپرز کے ساتھ دنیا بھر میں 39 ویں جبکہ ایشیا کے دس بہترین ممالک میں شامل تھا۔