لاہور: (ویب ڈیسک) پہلے سے تیار شدہ خوراک اور ٹیکنالوجی کے بے تحاشا استعمال نے انسان کی جسمانی حرکات و سکنات کو محدود کر دیا ہے، جس کے باعث موٹاپا آج کے دور میں عام بیماری کا روپ دھار چکا ہے۔ مریض موٹاپے سے جان چھڑانے کے لاکھوں جتن کرتے ہیں تاہم ناکام نظر آتے ہیں۔
موٹاپہ تمام بیماریوں کی جڑ بھی کہلاتا ہے لیکن اس کے خاتمے کیلئے ایک ٹوٹکا بھی موجود ہے جس پر عمل کرکے تیزی سے چربی کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ دیگر کئی بیماریوں سے بھی چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔
ادرک بظاہر ایک عام سی چیز نظر آتی ہے لیکن اس کا پانی انسانی صحت کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے، اس کا باقاعدہ استعمال پیٹ، کولہوں اور رانوں کی چربی گھلانے کے ساتھ ساتھ کولیسٹرول لیول کو متناسب رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ہائی بلڈپریشر کو نیچے لاتا ہے جبکہ اس میں متعدد اقسام کے کینسر سے محفوظ رکھنے کی بھی صلاحیت ہوتی ہے۔
لاتعداد طبّی فوائد کے حامل اس محلول (ادرک پانی) کو بنانا اور استعمال کرنا بھی بے حد آسان ہے، ایک ادرک کا ٹکڑا، ڈیڑھ لیٹر پانی اور ایک لیموں لیں۔ کسی برتن میں پانی ڈالیں اور ابلنے کیلئے چولہے پر رکھ دیں، جب یہ ابلنے لگے تو اس میں ادرک کا ٹکڑا ڈال کر 15 سے 20 منٹ کیلئے ہلکی آنچ پر ابلنے دیں۔
اب اسے اتار کر ٹھنڈا کر لیں اور پھر لیموں شامل کرکے پئیں، ماہرین کے مطابق اس کے استعمال کا سب سے بہترین وقت روزانہ صبح ناشتے سے پہلے ہے، تو اگر آپ بھی بہترین نتائج چاہتے ہیں تو ایک گلاس رات کے کھانے سے پہلے بھی پئیں۔
اہم بات: اس مضمون پر عمل سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کر لیں۔