سوشل میڈیا کا نشہ افیم اور کوکین جیسے اثرات کا حامل

Last Updated On 14 January,2019 03:51 pm

مشی گن: (ویب ڈیسک) ماہرین نے ایک ریسرچ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا کا بے جا استعمال نشے کی لت جیسا ہے اور افیم، کوکین سمیت نشہ آور اشیا کے استعمال جیسے اثرات مرتب کرتا ہے۔

ایک سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ سوشل میڈیا اور غلط فیصلوں کے درمیان واضح موجود ہے۔ سروے مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی کے ماہر نفسیات ڈار میشی اور ان کے ساتھیوں نے مکمل کیا۔

مطالعے میں 6 درجن کے قریب افراد شریک ہوئے جس میں فیس بک پر زیادہ وقت دینے والے افراد سے طویل سوالنامہ پر کرایا گیا۔ اس میں ان کے کام اور انہیں مکمل نہ کرنے کے احساسات کا جائزہ لیا گیا۔ ایک سوال میں فیس بک کے استعمال اور تعلیم یا ملازمت پر اس کے اثرات کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔
ماہرین نے شرکا کو ایک کھیل میں شامل کیا جسے ’ آئیووا گیمبلِنگ ٹاسک‘ کہا جاتا ہے اور ماہرین اسے فیصلہ سازی کے لیے نفسیات میں عام استعمال کرتے ہیں۔ اس میں شرکا تاش کی گڈیوں کو دیکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کرتے ہیں۔ ڈار نے بتایا کہ جو لوگ سوشل میڈیا کا جتنا زیادہ استعمال کررہے تھے اس گیم میں انہوں نے غیرمعمولی غلط فیصلے کیے جبکہ دیگر شرکا نے درست اور قدرے بہتر فیصلے کئے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ منشیات استعمال کرنے والوں سے بھی اسی قسم کے غلط فیصلے ہوتے ہیں۔ مثلاً ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کوکین، افیم اور دیگر نشہ آور اشیا کے عادی آئیووا گیمبلنگ ٹاسک میں اسی قسم کے فیصلے دکھا چکے ہیں۔ یعنی سوشل میڈیا کا بے جا استعمال کرنے والوں کا فیصلہ سازی پر اثر عین منشیات کے عادی افراد کی طرح ہی ہوتا ہے۔ لہذا ماہرین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بے تحاشا وقت گزارنا ایک خطرناک عمل ہے اور قریب قریب ایک نشے جیسا ہے اس لئے اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔