لاہور: (روزنامہ دنیا) مائیکرو سافٹ نے ونڈوز موبائل آپریٹنگ سسٹم کی سپورٹ ختم کرتے ہوئے صارفین کو اینڈرائیڈ یا آئی او ایس پر منتقل ہونے کی درخواست کر دی یوں ونڈوز موبائل فونز کا دور اختتام کو پہنچ گیا۔
مائیکرو سافٹ نے 2017 میں ونڈوز 8.1 موبائل آپریٹنگ سسٹم کیلئے سپورٹ ختم کی اور اب ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم سے لیس سمارٹ فونز کیلئے بھی یہی اعلان کرتے ہوئے باضابطہ طور پر صارفین کو اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائسز لینے کا مشورہ دیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے ونڈوز سسٹم کا شعبہ سنبھالنے والے جوئی بیلفیوری نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا کہ اب ان کی کمپنی ونڈوز 10 موبائل آپریٹنگ سسٹم کیلئے کچھ بھی نیا نہیں کریگی تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ونڈوز موبائلز کیلئے سپورٹ کا پلیٹ فارم کام کرتا رہے گا۔
کمپنی کی جانب سے آپریٹنگ سسٹم کی 14 جنوری کو تجدید کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ رواں سال 10 دسمبر سے ونڈوز 10 سسٹم پر چلنے والے موبائل فونز کے لیے سیکیورٹی اپ ڈیٹس ختم کر دی جائیں گی۔
قبل ازیں اکتوبر 2017 میں کمپنی نے ونڈوز موبائل کیلئے نیا ہارڈوئیر نہ بنانے سے متعلق بھی صارفین کو آگاہ کر دیا تھا۔