لاہور: (روزنامہ دنیا) آپ کو کسی مہنگے جم کی رکنیت یا صحت مند ہونے کیلئے دیر تک دوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ بس اپنے پورے دن میں سے آدھا گھنٹہ چہل قدمی کو اپنی عادت بنا لیں، یہ لمبی زندگی کا وہ راز ہے جو ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
اس سے پہلے متعدد طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا متعدد طبی مسائل جیسے خون کی شریانوں سے جڑے امراض، قبل از وقت بڑھاپا، گردوں کی بیماریوں اور دیگر کا باعث بنتا ہے۔
مگر اب ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن بھر میں بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت کے محض 30 منٹ کسی بھی قسم کی ہلکی جسمانی سرگرمی سے بدل دینا لمبی زندگی کے حصول میں مدد دے سکتا ہے۔