ماہرین نے 600 ٹریلین سورج جتنا روشن ’کوزار‘ دریافت کر لیا

Last Updated On 15 January,2019 10:03 pm

ایریزونا: (روزنامہ دنیا) فلکیاتی ماہرین نے کائنات کے دور دراز حصے میں ایک کوزار دریافت کیا ہے جس سے 600 ٹریلین سورجوں کے برابر روشنی خارج ہو رہی ہے۔ یہ کائناتی عجوبہ ہم سے 12.8 ارب نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور بہت ابتدائی کائنات کا ایک شاہکار ہے۔

زمین سے قریب ایک کہکشاں کی ثقلی قوت نے لینز کا کام کرتے ہوئے اس کی روشنی کو غیر معمولی روشن کر کے ظاہر کیا اور یوں ماہرین نے اسے دیکھ لیا۔ یونیورسٹی آف ایریزونا میں نصب ملٹی پل مِرر ٹیلی سکوپ سے دیکھا جانے والا یہ کوزار انسانی معلومہ تاریخ میں روشن ترین کوزار ہے اور اسے دریافت کرنے والی ٹیم نے گزشتہ 20 برس سے اپنی توجہ کوزار پر مرکوز کر رکھی ہے۔

کوزار کا نام J043947.08+163415.7 ہے جو ایک بہت بڑے بلیک ہول سے توانائی لے رہا ہے۔ ایک اندازہ ہے کہ یہ ایک نوجوان کہکشاں کا حصہ ہے اور اپنے اطراف سے مادہ کھا کر اس سے توانائی خارج کر رہا ہے۔ کوزار ایسے خلائی اجسام ہوتے ہیں جن کے قلب میں بہت بڑے بلیک ہولز ہوتے ہیں اور ان سے روشنی اور توانائی کی بڑی مقدار خارج ہوتی ہے۔